
-،-میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے بابرکت موقع پر منہاج القرآن فرینکفرٹ کے نئے مرکز کا افتتاح-نذر حسین-،-
جرمنی بھر سے مذہبی، سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات کی شرکت، شہباز قمر آفریدی کی نعتوں سے محفل میں روحانی کیفیت طاری ہوگئی
شانِ پاکستان، جرمنی، فرینکفرٹ — نذر حسین-ربیع الاول کے بابرکت اور مقدس مہینے کی آمد کے ساتھ ہی دنیا بھر میں عاشقانِ رسول ﷺ جشنِ میلاد النبی ﷺ کا اہتمام عقیدت و محبت سے کرتے ہیں۔ اسی سلسلے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے زیرِ اہتمام فرینکفرٹ میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا ایک خوبصورت، روح پرور اور نورانی اہتمام کیا گیا، جبکہ اسی موقع پر منہاج القرآن کے نئے مرکز کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔
تقریب کی صدارت میاں عمران الحق، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی نے کی۔ محفل میں جرمنی بھر سے مذہبی، سماجی، سیاسی اور کاروباری شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ مسجد کا ہال شرکائے محفل سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور فضا درود و سلام، نعتیہ کلام اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے معطر رہی۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ حضور اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی آمد نے انسانی معاشرے کو ظلم، جبر اور ناانصافی سے نکال کر محبت، رحم، احترام اور انسانی وقار کا درس دیا۔ مقرر نے محبت بھرے انداز میں کہا کہ جو بیٹی جاہلیت کے دور میں زندہ دفن کر دی جاتی تھی، مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات نے اسی بیٹی کو رحمت اور عزت کا مقام عطا فرمایا۔ والدین، خصوصاً ماں کے احترام اور حقوق کے حوالے سے بھی سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات بیان کی گئیں۔مقررین نے کہا کہ سارے جہاں کے لیے مصطفیٰ ﷺ کو رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے اور ربیع الاول کا مہینہ مسلمانوں کے لیے محبتِ رسول ﷺ کے اظہار اور سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا پیغام لے کر آتا ہے۔اس موقع پر خصوصی طور پر عالمی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز قمر آفریدی پاکستان سے تشریف لائے، جبکہ علامہ مفتی اعجاز قادری، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین نے خصوصی خطاب کیا۔تقریب میں شکیل احمد طاہر، ڈائریکٹر فارن افیئرز منہاج القرآن انٹرنیشنل بھی خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لائے۔ دیگر معزز مہمانوں میں فرانس پیرس سے راجہ بابر حسین، صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ، اٹلی سے سرمد جاوید، سینئر نائب صدر منہاج ویلفیئر یورپ، ہالینڈ سے عظیم مرزا، نائب صدر منہاج ویلفیئر یورپ، جرمنی کے شہر مین ہائیم سے حافظ حماد قادری، برلن سے منہاج القرآن کی قیادت، ڈاکٹر چن نصیب، جنرل سیکریٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی، میاں مقصود اکرام، صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جرمنی، صوفی اسکالر مفتی ممتاز حسین، چیئرمین انٹرنیشنل پیس کونسل جرمنی، ملک شوکت اعوان، خطیب مسجد ڈائٹزن باخ اور جرمنی بھر سے دیگر عہدیداران و ذمہ داران شامل تھے۔محفل کی نقابت کے فرائض راجہ عبدالوحید نے نہایت خوبصورتی اور احسن انداز میں انجام دیے۔ انہوں نے محفل کا آغاز ان اشعار سے کیا:
ہم تو اپنا معیار زمانے سے جدا رکھتے ہیں
ہم تو محبوب بھی محبوبِ خدا رکھتے ہیں
تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت قاری و حفاظِ کرام نے حاصل کی۔ راجہ ابرار قادری، حافظ حماد القادری، قاری ظفراللہ بیگ اور دیگر نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔شکیل احمد طاہر نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن کی عالمی سطح پر دینی، فلاحی اور اصلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن دنیا کے مختلف ممالک میں دینِ اسلام کی تعلیمات، محبتِ رسول ﷺ، امن، بھائی چارے اور انسانی خدمت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی اعجاز قادری نے سیرتِ طیبہ ﷺ، میلادِ مصطفیٰ ﷺ اور باہمی محبت و اخوت کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے مسلمان کے دوسرے مسلمان بھائی سے خالصتاً اللہ کی رضا کے لیے ملاقات اور صلہ رحمی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام مسلمانوں کو باہمی محبت، ملاقات، اخوت اور ایک دوسرے کے لیے خیر خواہی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ کسی دنیاوی مفاد کے بغیر اللہ تعالیٰ کی رضا اور دین کی خدمت کے جذبے سے اکٹھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس محفل میں شریک تمام افراد کی حاضری کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں محبتِ رسول ﷺ میں مزید ترقی عطا فرمائے۔محفل کے اختتامی مرحلے میں جب ’’سرکار کی آمد، مرحبا، دلدار کی آمد، مرحبا، مولا کی آمد، مرحبا، آقا کی آمد، مرحبا‘‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی تو عالمی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز قمر آفریدی نے اپنی خوبصورت اور پرسوز آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ ان کی نعتوں نے محفل میں ایک انتہائی روحانی اور نورانی کیفیت پیدا کر دی اور شرکائے محفل جھوم اٹھے۔محفل کے اختتام پر درود و سلام پیش کیا گیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں، امتِ مسلمہ کے اتحاد، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔فرانس سے آنے والے مہمانوں کی واپسی اور ان کی سفری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے محفل کو اختتام پذیر کیا گیا۔ شرکائے محفل نے منہاج القرآن کے نئے مرکز کے افتتاح اور محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔











































































