
-,-مسجد بلال آشافن برگ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی عظیم الشان محفل-نذر حسین-,-
*جرمنی بھر سے عاشقانِ رسول ﷺ کی بھرپور شرکت — تلاوت، حمد، نعت اور خصوصی خطاب سے محفل روح پرور بن گئی*
شانِ پاکستان جرمنی | فرینکفرٹ/آشافن برگ: مسجد بلال آشافن برگ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں جرمنی کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ محفل محبتِ رسول ﷺ، عقیدت اور مذہبی جوش و خروش کا خوبصورت مظہر بن گئی۔مسجد بلال کے خطیب و امام علامہ عبد اللطیف چشتی الازہری کی زیرِ سرپرستی منعقد ہونے والی اس خصوصی محفل میں کولون، ڈوسل ڈورف، مانہائم، ساربروکن، مائنز، ویسبادن، برگش گلڈباخ، فرینکفرٹ اور گردونواح سے شرکاء نے شرکت کی۔محفل کی صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفیسر محمد علی رندھاوا نے کی، جبکہ افتخار احمد مہمانِ خصوصی تھے، جو کولون سے خصوصی طور پر تشریف لائے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت محمد یوسف اور محمد بن فرید نے حاصل کی۔ بعد ازاں افتخار احمد نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی۔ محفل میں مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔نعت خوانی میں علامہ محمد صدیق مصطفائی، علامہ حافظ محمد صدیق، علامہ فہد خان، مولانا منظور عالم، سید جعفر علی شاہ، سید زبیر ترمذی، سید نظام الدین شاہ، سید افضال حسین شاہ، سید مجاہد حسین شاہ، ملک عبدالقدوس، حاجی محمد افضل بٹ، نواز احمد قادری رضوی، حافظ شان علی، محمد عامر، حاجی عابد حسین اور حاجی ساجد حسین بٹ نے حصہ لیا۔میلادِ مصطفیٰ ﷺ پر خصوصی خطاب-محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبد اللطیف چشتی الازہری نے میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی اہمیت، سیرتِ طیبہ اور محبت و عشقِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کے خطاب سے شرکائے محفل کے دل محبتِ رسول ﷺ کے جذبات سے سرشار ہو گئے۔محفل کے اختتام پر علامہ عبد اللطیف چشتی الازہری نے تمام مہمانوں، علماء، نعت خواں حضرات اور شرکائے محفل کا دلی شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شرکاء کی پُرتکلف کھانوں سے ضیافت کی گئی، جبکہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔مسجد بلال آشافن برگ میں منعقد ہونے والی یہ عظیم الشان محفلِ میلاد ﷺ درود و سلام، عقیدت اور محبتِ رسول ﷺ کی فضاؤں میں اختتام پذیر ہوئی۔



























