
پاکستان جرمن پریس کلب کا سالانہ اجلاس،صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور کمیونٹی کے باہمی روابط کے فروغ پر اہم تبادلہ خیال۔ نذر حسین۔،۔
٭پاکستان جرمن پریس کلب کے سالانہ اجلاس میں تنظیمی امور، گذشتہ سال کی کاکردگی، مستقبک کی حکمتِ عملی، صحافیوں کے حقوق اور پاکستانی و جرمن کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ۔ پاکستان جرمن پریس کلب کے صدر سید رضوان شاہ نے اپنے خطاب کا آغاز نہایت پُراثر، شائستہ اور فکر انگیز انداز میں کیا۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم,محترم عہدیداران، معزز ممبران اور میرے عزیز دوستو!السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!سب سے پہلے میں آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ہمارے پریس کلب کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔آج کا دن ہمارے لیے ایک موقع ہے کہ ہم اپنی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیں اور مستقبل کے لیے مل کر بہتر فیصلے کریں۔دوستو!ہمارا پریس کلب صرف صحافیوں کی ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ہم پاکستانی اور جرمن کمیونٹی کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم صحافتی اقدار کے ساتھ ساتھ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ خاص طور پر نوجوان نسل کی رہنمائی، کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنا اور دونوں معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔معزز ساتھیو!میں آج ایک اہم بات پر خصوصی توجہ دلانا چاہتا ہوں، اور وہ ہے ہمارے ممبران کے حقوق اور ان کا تحفظ۔کسی بھی تنظیم کی اصل طاقت اس کے ممبران ہوتے ہیں۔ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہر ممبر کو عزت، برابری اور اپنی رائے کے اظہار کا مکمل حق حاصل ہو۔اگر کسی ممبر کو اپنی صحافتی یا تنظیمی ذمہ داریوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تو ہمارا پریس کلب قانونی اور اخلاقی دائرے میں رہتے ہوئے اس کے ساتھ کھڑا ہو۔اسی مقصد کے لیے میں تجویز پیش کرتا ہوں کہ ہم ممبران کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے ایک واضح اور مشترکہ پالیسی منظور کریں۔ہماری تنظیم کے تمام فیصلے باہمی مشاورت، شفافیت اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہونے چاہییں۔دوستو!ہم سب کی سوچ اور رائے مختلف ہو سکتی ہے، لیکن ہمارا مقصد ایک ہونا چاہیے: ایک مضبوط پریس کلب، متحد ممبران اور معاشرے کی مثبت خدمت۔آئیے، آج ہم یہ عہد کریں کہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنے ادارے کو مزید مضبوط بنائیں گے اور پاکستانی و جرمن کمیونٹی کی خدمت کے لیے مل کر کام کریں گے۔آخر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا:ہماری پہچان ہمارے عہدوں سے نہیں، بلکہ ہمارے کردار، اتحاد اور خدمات سے ہونی چاہیے۔اللہ تعالیٰ ہمیں خلوصِ نیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔خطاب کے اختتام پر مطیع اللہ خان سابق جنرل سیکریٹری پاکستان جرمن پریس کلب جو گذشتہ دنوں قضائے الہی سے وفات پا چکے تھے ان کے لئے دُعائے مغفرت کی گئی۔ہماری دعا ہے کہ ربِ کعبہ مرحوم کی تمام آنے والی منازل میں آسانیاں فرمائے۔ ربِ کعبہ مرحوم کے درجات کو بلندی عطاء فرمائے اور اللہ تعالی تمام متعلقین کو ہمارے ساتھ یہ صدمہ صبر جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے (آمین ئم آمین)آپ سب کا بہت شکریہ۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!-

