۔،۔ جا مع مسجد المدینہ سٹٹگارٹ میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی عظیم الشان سالانہ تقریب۔ منظور بٹ۔،۔
٭جامع مسجد المدینہ باد کانسٹٹ، سٹٹگارٹ میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی سالانہ مرکزی تقریب اتوار 16 اگست کو انتہائی عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی، یہ تقریب پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کی حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی نئی ایگزیکٹو باڈی کے زیر انتظام منعقد ہونے والی پہلی بڑی تقریب تھی٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/سٹٹگارٹ/باد کانسٹٹ۔ سٹٹگارٹ (جرمنی): جامع مسجد المدینہ، بیڈ کینشٹٹ، سٹٹگارٹ میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی سالانہ مرکزی تقریب اتوار 16 اگست کو انتہائی عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ تقریب پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کی حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی نئی ایگزیکٹو باڈی کے زیرانتظام منعقد ہونے والی پہلی بڑی تقریب تھی۔تقریب کی نقابت کے فرائض جامع مسجد المدینہ کے خطیب قاری علامہ شوکت مدنی نے انجام دیے، جبکہ تنظیم کے بانی و سابق صدر شیخ منیر احمد نے صدارت کی۔ محفل کا آغاز یورپی ایوارڈ یافتہ قاری ابتسام علی محمود کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔محفل میں مقامی اور بیرونِ شہر سے آئے ہوئے معروف ثناء خوانانِ رسول ﷺ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ یورپی ایوارڈ یافتہ ثناء خوان صاحبزادہ سید جعفر شاہ اور محمد بلال مرزا کے علاوہ فرخ سہیل، محمد اعظم چیمہ، محمد یوسف اور پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کے صدر ظفر اقبال نوری نے بھی نعتیہ کلام پیش کیا۔ فرینکفرٹ سے شعیب بٹ جبکہ سویڈن سے تشریف لانے والے مہمان صاحبزادہ علی جیلانی نے بھی نعت رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔روحانی اور نورانی محفل میں فرزندانِ اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فرینکفرٹ سے تشریف لانے والے حافظ علامہ محمد صدیق پتھروی نے بھی نہایت خوبصورت اور مدلل خطاب کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کوبلنز سے تشریف لانے والے نوجوان عالم و اسکالر حافظ علامہ ڈاکٹر طاہر المصطفیٰ تھے، جنہوں نے میلادالنبی ﷺ منانے کی حقیقی روح کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے امتِ مسلمہ بالخصوص نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صرف میلاد شریف کی محافل میں شرکت کرنا کافی نہیں، بلکہ اصل مقصد اپنی زندگیوں کو حضور نبی اکرم ﷺ کی سنت و تعلیمات اور اتباعِ رسول ﷺ کے مطابق گزارنا ہے۔تقریب کے صدر اور پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کے بانی و سابق صدر شیخ منیر احمد نے اپنے صدارتی خطاب کے آغاز میں حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی نئی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے صدر ظفر اقبال نوری، سینئر نائب صدر چوہدری ارشد گجر، نائب صدر ذوالقرنین حیدر، جنرل سیکریٹری منظور حسین بٹ، فنانس سیکریٹری رضا علی طفیل، پریس سیکریٹری محمد ممتاز بلوچ، ایڈیشنل سیکریٹری چوہدری محمد نواز سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو اسٹیج پر مدعو کیا۔شیخ منیر احمد نے تنظیم کے دیگر سینئر و بانی اراکین، جن میں لالہ محمد طفیل، چوہدری محمد آصف اور حاجی مہر محمد افضل شامل تھے، کو بھی اسٹیج پر بلایا اور نومنتخب ایگزیکٹو باڈی کے تمام اراکین کو گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں شیخ منیر احمد نے کہا کہ اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ ان کا دوبارہ الحاق اور صلح مسجد کی حرمت، تحفظ اور مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسجد کے تحفظ کے لیے باہمی اتحاد اور اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے۔صدرِ مجلس نے دور و نزدیک سے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص فرینکفرٹ کی غوثیہ مسجد کے منتظمِ اعلیٰ الحاج صوفی محمد طارق کی شرکت کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکائے محفل کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ یوں جشن میلادالنبی ﷺ کی یہ عظیم الشان محفل عقیدت، محبت، اتحادِ امت اور اتباعِ رسول ﷺ کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔


















