
۔،۔پاکستان ایسوسی ایشن ڈنمارک کے زیر اہتمام جشن آزادی میلہ 2026زپاکستانی ثقافت اور ملی جذبے کا شاندار اظہار۔ واجد قریشی۔،۔
٭پاکستان ایسوسی ایشن ڈنمارک کے زیر اہتمام پاکستان کا 79 واں یوم آزادی بھر پور قومی و ملی جوش و جذبہ کے ساتھ جشن آزادی میلہ 2026 کی صورت میں منایا گیا۔ میلہ Alliance Event? Meterbuen 9-13, Skovlunde میں منعقد ہوا، تقریب کا مقصد نئی نسل سمیت ڈنمارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو وطن عزیز کی تاریخ،ثقافت، روایات اور قومی تشخص سے جوڑنا تھا٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/ڈنمارک۔ جشنِ آزادی میلہ میں پاکستانی پرچموں، سبز و سفید رنگوں اور ملی جذبے سے مزین خوبصورت ماحول نے شرکاء کو پاکستان کی یادوں سے جوڑ دیا۔ اس موقع پر پاکستانی ثقافت کے مختلف رنگ اجاگر کرنے کے لیے روایتی کھانوں، مٹھائیوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔میلے میں سموسہ، پکوڑا، تازہ جلیبی، کلفی، گول گپے اور دیگر پاکستانی ذائقوں کے اسٹالز کے ساتھ مینگو فیسٹیول، مہندی آرٹ اور پاکستانی ملبوسات بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ ان سرگرمیوں نے نہ صرف پاکستانی خاندانوں بلکہ بچوں اور نوجوانوں کو بھی اپنی ثقافتی روایات سے قریب ہونے کا موقع فراہم کیا۔تقریب کے مرکزی اسٹیج کو پاکستانی پرچم اور قومی رنگوں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جہاں ملی و ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے پاکستانی لباس اور قومی رنگوں کے ساتھ شرکت نے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ کیا۔ روایتی موسیقی، ثقافتی پرفارمنسز اور جشن کے پرجوش ماحول نے حاضرین کے اندر وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کو اجاگر کیا۔جشنِ آزادی میلہ کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ اس کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی تہذیبی اور قومی شناخت نئی نسل تک منتقل کرنے کا موقع ملا۔ ایسے پروگرام بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کو باہم جوڑنے اور پاکستان کی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان سوسائٹی ڈنمارک کی جانب سے منعقدہ یہ جشنِ آزادی میلہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دیارِ غیر میں رہتے ہوئے بھی پاکستانی اپنی قومی روایات، ثقافت اور وطن سے محبت کے رشتے کو مضبوط رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں پاکستان کے روشن، پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔







