
-,-عشقِ رسول ﷺ سے مہکتی ایک نورانی محفلِ نعت — معروف نعت خواں فصیح الدین سہروردی کی فرینکفرٹ آمد-نذر حسین-,-
شانِ پاکستان جرمنی — فرینکفرٹ۔پاکستان کے معروف و ممتاز نعت خواں، حمد و نعت کی دنیا کا ایک معتبر نام، جناب فصیح الدین سہروردی جرمنی کے شہر فرینکفرٹ تشریف لا رہے ہیں۔ اپنی منفرد اور دلنشین آواز، پُرسوز اندازِ ادائیگی اور محبتِ رسول ﷺ سے سرشار نعتیہ کلام کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جانے والے فصیح الدین سہروردی کسی تعارف کے محتاج نہیں۔فصیح الدین سہروردی کا شمار پاکستان کے ان ممتاز ثناء خوانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی آواز اور فن کے ذریعے عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی شمع کو دنیا کے مختلف خطوں میں روشن کیا ہے۔ آپ حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور اسلامی منقبت پیش کرنے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔ آپ کے والد محترم ریاض الدین سہروردی ایک صاحبِ ذوق شاعر تھے۔ والد کی ادبی و شعری تربیت نے آپ کی شخصیت اور فن پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کے کلام میں الفاظ کی خوبصورتی، جذبات کی گہرائی اور عقیدت کی خوشبو نمایاں محسوس ہوتی ہے۔آپ نے پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ یورپ اور شمالی امریکہ میں بھی محافلِ نعت میں شرکت کی اور اپنے منفرد انداز سے سامعین کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کی شمع فروزاں کی۔ آپ کی آواز میں موجود درد، سوز، عقیدت اور والہانہ پن سننے والوں کو ایک روحانی کیفیت سے آشنا کرتا ہے۔اسی سلسلے میں بروز ہفتہ، 21 نومبر 2026ء کو فرینکفرٹ کی معروف جامع مسجد غوثیہ میں ایک بابرکت اور روح پرور محفلِ حمد و نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں ممتاز نعت خواں فصیح الدین سہروردی اپنی دلنشین آواز اور منفرد اندازِ نعت خوانی میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔
محفل کا وقت:
دن: ہفتہ، 21 نومبر 2026ء
آغاز: نمازِ مغرب کے بعد، شام 5 بجے
اختتام: نمازِ عشاء، رات 8 بجے
مقام: جامع مسجد غوثیہ، فرینکفرٹ، جرمنی
آئیے! اس بابرکت محفل میں شرکت کرکے اپنے دلوں کو ذکرِ الٰہی اور محبتِ رسول ﷺ سے منور کریں۔ خود بھی تشریف لائیں اور اپنے اہلِ خانہ، دوست و احباب کو بھی اس روحانی محفل میں شرکت کی دعوت دیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی بابرکت محافل میں شرکت، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سننے اور اس کی برکات سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
