
۔،۔ سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام،4 چار لاکھ 13 ہزار450 ایمفیٹامین گولیاں برآمد۔نذر حسین۔،۔
٭سعودی عرب کے محکمہ کسٹمز نے منشیات کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایمفیٹامین کی چار لاکھ 13 ہزار450 گولیاں برآمد کر لیں۔گولیاں لوہے کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھیں جو منشیات الحدیثہ سرحدی گزرگاہ پر پکڑی گئیں ٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/سعودی عرب/ریاض۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ کسٹمز نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایمفیٹامین کی 4 لاکھ 13 ہزار 450 گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ منشیات کی یہ بھاری مقدار لوبیے کے ڈبوں میں انتہائی خفیہ انداز میں چھپائی گئی تھی، جسے ایک ٹرک کے ذریعے الحدیثہ سرحدی گزرگاہ سے مملکت میں لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے سرکاری ترجمان حمود الحربی کے مطابق، الحدیثہ سرحدی گزرگاہ پر مملکت میں داخل ہونے والے ایک ٹرک کو معمول کی کسٹمز کارروائی کے دوران تلاشی کے لیے روکا گیا۔ جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے کی جانے والی جانچ پڑتال کے دوران ٹرک میں موجود لوبیے کے ڈبوں سے نشہ آور گولیوں کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ترجمان نے بتایا کہ اسمگلروں نے منشیات کو لوبیے کے ڈبوں کے اندر چھپا رکھا تھا تاکہ کسٹمز حکام کی نظروں سے بچ کر اسے مملکت میں منتقل کیا جا سکے، تاہم مؤثر نگرانی اور جدید تلاشی کے نظام کے باعث ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔حمود الحربی نے کہا کہ زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی مملکت کی تمام سرحدی گزرگاہوں پر درآمدات اور برآمدات کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اتھارٹی اسمگلنگ کی ہر کوشش کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے تاکہ معاشرے کے تحفظ، سلامتی اور منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق قومی حکمت عملی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وزارتِ داخلہ اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے ممنوعہ اشیا اور منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔سعودی حکام کے مطابق سرحدی نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا بنیادی مقصد مملکت کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا اور معاشرے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
