
۔،۔ وائٹ ہاوس کے قریب فائرنگ،میلانیا ٹرمپ کا دورہ میری لینڈ تاخیر کا شکار۔ نذر حسین۔،۔
٭واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے قریب فائرنگ کے ایک واقعہ کے باعث میلانیا ٹرمپ کا دورہ میری لینڈ تاخیر کا شکار ہو گیا، فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چار کے زخمی ہونے کی خبر ہے جبکہ امریکی پولیس نے علاقہ میں سیکورٹی سخت کر دی۔
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ/امریکا/واشنگٹن۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق۔واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب جمعرات کے روز فائرنگ کے ایک واقعے کے باعث امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ریاست میری لینڈ کے دورے کے لیے روانگی میں تاخیر ہوئی۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے میلانیا ٹرمپ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے باعث وائٹ ہاؤس سے ریاست میری لینڈ میں واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز کی جانب ان کے قافلے کی روانگی معمولی تاخیر کا شکار ہوئی۔رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کا قافلہ صبح 8 بج کر 22 منٹ پر وائٹ ہاؤس سے جوائنٹ بیس اینڈریوز کے لیے روانہ ہوا۔ ان کے ہمراہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا وینس بھی موجود تھیں۔ دونوں شخصیات کا پروگرام تھا کہ وہ تھینکس گیونگ سے قبل فوجی خاندانوں اور ابتدائی جماعتوں کے طلبہ سے ملاقات کے لیے ریاست الاباما کے فورٹ روکر روانہ ہوں۔دریں اثنا، امریکی پولیس نے دارالحکومت واشنگٹن کے ایک اسپورٹس ہال اور اس کے اطراف میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت اور چار دیگر افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔قائم مقام پولیس چیف جیفری کیرول کے مطابق مشتبہ شخص کو جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک اپارٹمنٹ میں مورچہ بند حالت میں پایا گیا، جہاں وہ اپنے ہی ہتھیار سے چلنے والی گولی لگنے کے باعث زخمی تھا۔دوسری جانب سٹی کونسل کی رکن بروک پنٹو نے بھی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں اضافی اہلکار تعینات کر دیے اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔یہ واقعہ رش کے اوقات میں وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک کلومیٹر سے کچھ زیادہ فاصلے پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔فائرنگ کے واقعے نے وائٹ ہاؤس کے قریبی علاقے میں سکیورٹی کی صورتِ حال کو فوری طور پر غیر معمولی اہمیت دے دی، تاہم اس کے باعث خاتونِ اول کے قافلے کی روانگی میں صرف معمولی تاخیر ہوئی۔

