-,-فرینکفرٹ میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشبو سے معطر روح پرور محفلِ نعت-نذر حسین-,- 0

-,-فرینکفرٹ میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشبو سے معطر روح پرور محفلِ نعت-نذر حسین-,-

0Shares

-,-فرینکفرٹ میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشبو سے معطر روح پرور محفلِ نعت-نذر حسین-,-

*پاکستان کے ممتاز ثنا خواں فصیح الدین سہروردی کی پُرسوز آواز نے سماں باندھ دیا، عاشقانِ رسول ﷺ کی والہانہ شرکت*

شانِ پاکستان جرمنی فرینکفرٹ-دیارِ غیر میں جب ذکرِ مصطفیٰ ﷺ کی صدائیں بلند ہوتی ہیں تو فضاؤں میں ایک عجیب روحانیت، دلوں میں ایک خاص کیفیت اور ماحول میں محبت و عقیدت کی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ کچھ ایسی ہی ایمان افروز اور روح پرور کیفیت جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں دیکھنے کو ملی، جہاں جامع مسجد غوثیہ میں عشقِ رسول ﷺ سے سرشار ایک بابرکت محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کی خصوصی کشش پاکستان کے معروف و ممتاز نعت خواں، حمد و نعت کی دنیا کے معتبر نام جناب فصیح الدین سہروردی کی شرکت تھی، جنہوں نے اپنی منفرد، دلنشیں اور پُرسوز آواز میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرکے حاضرین کے دل موہ لیے۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا سلسلہ شروع ہوا۔ ابتدائی مرحلے میں نقابت کے فرائض جناب شعیب بٹ نے نہایت خوش اسلوبی، مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کیے۔ مختلف نعت خواں حضرات نے اپنے اپنے منفرد انداز میں بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ ان میں طارق نقشبندی، قاری نصراللہ، محمد زعیم، رانا محمد آصف قادری، محمد ریحان قادری، محمد مہر علی، بابا فاروق، شعیب بٹ، محمد صدیق مصطفائی اور محمد افضل قادری سمیت دیگر ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ شامل تھے۔محفل کا ایک خوبصورت اور منفرد پہلو جناب محمد صدیق مصطفائی کی جانب سے پنجابی ماہیا کی صورت میں نعتیہ کلام کی پیشکش تھی۔ انہوں نے نہایت دلنشیں انداز میں ماہیا کے ذریعے حضور اکرم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے بیان میں ماہیا کے حوالے سے قرآنی دلائل بھی پیش کیے، جس سے محفل میں ادبی اور علمی رنگ بھی نمایاں ہوا۔ رانا محمد آصف قادری اور دیگر نعت خواں حضرات نے بھی اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کے دلوں کو گرمایا۔نمازِ عشاء سے کچھ وقت قبل پاکستان کے ممتاز نعت خواں جناب فصیح الدین سہروردی محفل میں تشریف لائے۔ نمازِ عشاء کی ادائیگی کے بعد محفل کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا، جس میں جامع مسجد غوثیہ کے امام جناب محمد صدیق پٹھروی نے نقابت کے فرائض سنبھالے۔ انہوں نے اپنی نقابت کا آغاز پنجابی زبان کے ایک خوبصورت اور فکر انگیز شعر سے کیا:
“اُٹھدیاں، بہندیاں، چلدیاں پھردیاں، کوئی سوچ وچار وچاریا کر
لکھاں مرضاں دا اکّو دارو دساں، تُوں محمد محمد ﷺ پکاریا کر”
ان اشعار میں عشقِ رسول ﷺ کی جو کیفیت اور روحانی پیغام پوشیدہ ہے، اس نے محفل کے ماحول کو مزید پُرکیف بنا دیا۔ نقابت کے دوران ان کا انداز بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا۔اس بابرکت اجتماع سے مفتی اعظم ڈنمارک جناب طارق محمد انیم نے مختصر مگر جامع خطاب کیا۔ انہوں نے اللہ رب العزت کے بے پایاں فضل و احسان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے پروردگار کا عظیم کرم ہے کہ اس نے ہمارے لیے دینِ اسلام کو پسند فرمایا اور انسانیت کی رہنمائی و نجات کے لیے اپنے محبوبِ مکرم، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو مبعوث فرمایا۔ انہوں نے دینِ اسلام کی عظیم نعمت، حضور اکرم ﷺ سے محبت اور آپ ﷺ کی تعلیمات و سنت کی پیروی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔بالآخر محفل کا وہ یادگار مرحلہ آن پہنچا جس کا شرکائے محفل بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ جناب فصیح الدین سہروردی نے جب اپنی پُرسوز اور منفرد آواز میں نعتیہ کلام کا آغاز کیا تو محفل میں موجود ہر شخص عقیدت و محبت کی کیفیت میں ڈوبتا چلا گیا۔ ان کی آواز کا سوز، الفاظ کی دلنشیں ادائیگی اور نعتیہ کلام پیش کرنے کا منفرد انداز سامعین کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑتا رہا۔ مسجد کا ماحول درود و سلام اور محبتِ رسول ﷺ کی صداؤں سے گونج اٹھا۔سہروردی صاحب کی آمد نے محفل کو ایک نئی روحانی جہت عطا کی۔ وقت گزرتا رہا، مگر حاضرین کی فرمائشوں کا سلسلہ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتا چلا گیا۔ کوئی اپنی پسندیدہ نعت سننے کی درخواست کر رہا تھا تو کوئی کسی خاص کلام کی فرمائش لیے منتظر تھا۔ جناب فصیح الدین سہروردی بھی اپنے چاہنے والوں کی محبت اور والہانہ عقیدت کا احترام کرتے ہوئے ایک کے بعد دوسری فرمائش پوری کرتے رہے۔ یوں محفل اپنے مقررہ دورانیے سے طویل ہوتی چلی گئی، لیکن سامعین کی سماعتیں نعتیہ کلام سے سیراب ہونے کے باوجود مزید سننے کی خواہش مند دکھائی دیتی رہیں۔فرینکفرٹ کی جامع مسجد غوثیہ میں منعقد ہونے والی یہ محفل محض ایک نعتیہ اجتماع نہیں بلکہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کی دینی وابستگی، عشقِ رسول ﷺ اور اپنی روحانی و تہذیبی روایات سے گہری محبت کا خوبصورت مظہر تھی۔ اس محفل نے یہ احساس بھی تازہ کیا کہ وطن سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود اہلِ ایمان کے دلوں میں محبتِ مصطفیٰ ﷺ کی شمع پوری آب و تاب سے روشن ہے۔بلاشبہ ایسی محافل نہ صرف روحانی تسکین کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنے دین، اسلامی اقدار، زبان و ثقافت اور اسلاف کی روشن روایات سے وابستہ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عشقِ رسول ﷺ کا یہ پیغام نسل در نسل منتقل ہوتا رہے، یہی ایسی بابرکت محافل کا اصل حسن اور ان کی حقیقی معنویت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں