-,-صحافت، ادب اور اعزازات کی ارزانی- عارف محمود کسانہ-,- 0

-,-صحافت، ادب اور اعزازات کی ارزانی- عارف محمود کسانہ-,-

0Shares

-,-صحافت، ادب اور اعزازات کی ارزانی- عارف محمود کسانہ-,-

 

 

اردو صحافت، ادب اور فکری بلوغت کے حوالے سے ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں زبان و بیان، فکر و نظر اور اخلاقی اقدار کا زوال ایک اجتماعی المیے کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ قلم کی حرمت، صحافت کی ساکھ اور ادب کا وقار نمود و نمائش، خود ستائی اور سطحیت کی نذر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ صورتِ حال کسی ایک فرد یا ادارے کی نااہلی کا نتیجہ نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی فکری انحطاط کی عکاس ہے۔ماضی کی طرف نگاہ دوڑائیں تو بہت سی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں۔ ہمیں وہ زمانہ یاد ہے جب ہم طالب علم تھے اور بھمبر (آزاد کشمیر) جیسے نسبتاً چھوٹے علاقے میں صغیر احمد شمیم مرحوم جیسے صاحبِ طرز صحافی اور مقرر موجود تھے۔ اس دور میں بھی شوقِ صحافت رکھنے والوں کی کمی نہ تھی۔ بہت سے لوگوں نے جیسے تیسے کرکے پریس کارڈ حاصل کر رکھے تھے۔ خبریں یا تو کسی منت ترلے سے لکھوائی جاتیں یا کہیں سے نقل کر لی جاتیں۔ خود قلم اٹھانے کی نوبت آتی تو الفاظ قرطاس پر اترنے سے انکاری ہو جاتے۔ایسے ہی ایک خود ساختہ صحافی نے جشنِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر ایک اخبار کو جو سرخی ارسال کی، وہ آج بھی صحافتی تاریخ کا ایک دلچسپ لطیفہ محسوس ہوتی ہے:
’’بھمبر میں پاکستان کی برسی منائی گئی!‘‘
ستم ظریفی دیکھیے کہ نامور روزنامہ ’’امروز‘‘ نے بھی اسے من و عن شائع کر دیا۔ اس صحافتی شاہکار پر صغیر احمد شمیم مرحوم نے برمحل طنز کرتے ہوئے کہا تھا:’’یہاں ایسے بھی صحافی پائے جاتے ہیں جو گائے پر بھی مضمون نہیں لکھ سکتے!‘‘مگر ایسے لوگوں کا بگڑتا بھی کیا تھا؟ وقت گزرا اور یہی حضرات دیکھتے ہی دیکھتے ’’سینئر صحافیوں‘‘ کی صفِ اول میں براجمان ہو گئے۔ آج تک یہ اصطلاح سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر ایک صحافی کب سینئر بنتا ہے؟ کیا محض صحافت سے وابستگی کے چند برس یا پریس کارڈ کی مدت کافی ہے، یا اس کے لیے مطالعہ، تجربہ، پیشہ ورانہ دیانت، زبان پر دسترس اور صحافتی ذمہ داری کا احساس بھی ضروری ہے؟آج صورتِ حال یہ ہے کہ جس شخص کے پاس موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہے، وہ بیک وقت صحافی، تجزیہ نگار، دانش ور اور ادیب ہونے کا دعوے دار بن بیٹھتا ہے۔ خبر کی تصدیق، تحقیق اور زبان کی صحت جیسے بنیادی تقاضے پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ حالاں کہ صحافت محض خبر آگے پہنچانے کا نام نہیں بلکہ سچائی کی تلاش، حقائق کی جانچ اور عوامی مفاد کے تحفظ کی ذمہ داری ہے۔ اظہار کی آزادی یقیناً سب کا حق ہے، مگر ہر تحریر صحافت اور ہر لکھنے والا ادیب نہیں بن جاتا۔ درست اردو نہ لکھ سکنے والے اور املا کی عام غلطیاں کرنے والے اپنے آپ کو صحافی کہیں تو یہ بڑا المیہ ہے۔ صحافت کو چھوڑیے، علمی اور مذہبی القابات کا بھی یہی حال ہے۔ ’’علامہ‘‘ جیسے باوقار لقب کا استعمال بھی اس قدر عام ہو چکا ہے کہ اس کی علمی معنویت متاثر ہونے لگی ہے۔ ایک زمانہ تھا جب برصغیر کے علمی و فکری حلقوں میں یہ لقب غیر معمولی علمی مقام کی علامت سمجھا جاتا تھا اور علامہ محمد اقبال اور علامہ عنایت اللہ مشرقی جیسی شخصیات اس کی نمایاں مثال تھیں۔ آج ہر طرف القابات کی فراوانی ہے۔ حالاں کہ کسی شخص کی عظمت اس کے نام کے ساتھ لگے ہوئے الفاظ سے نہیں بلکہ اس کے علم، تحقیق، فکر اور کردار سے متعین ہوتی ہے۔یہی حال اعزازات اور ایوارڈز کا ہو چکا ہے۔ کبھی کسی ادیب، شاعر یا صحافی کو ملنے والا اعزاز اس کی برسوں کی محنت، علمی خدمات اور تخلیقی ریاضت کا اعتراف سمجھا جاتا تھا، مگر اب کئی مقامات پر یہ اعزازات سفارش، تعلقات، خوشامد اور ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنتے جا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ سے ایک سرٹیفکیٹ تیار کیا، کسی مقامی دکان سے شیلڈ خریدی، کسی ہوٹل یا ہال میں چند دوستوں کو جمع کیا، دو چار تقریریں ہوئیں، تصاویر بنیں اور ایک نئی ادبی یا صحافتی شخصیت دریافت کر لی گئی! اگلے روز سوشل میڈیا پر مبارک بادوں اور شکریوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ دینے والے بھی خوش، لینے والے بھی نہال!یقیناً ہر چھوٹی ادبی تنظیم یا مقامی انجمن قابلِ اعتراض نہیں۔ بہت سے ادارے محدود وسائل کے باوجود خلوص سے علمی و ادبی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اصل مسئلہ ان عناصر کا ہے جو اعزازات کو کاروبار، تعلقات سازی اور باہمی خوشامد کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ کسی ایوارڈ کی قدر اس کی چمک دمک یا شیلڈ کے حجم سے نہیں بلکہ انتخاب کے معیار، شفافیت اور اعزاز پانے والے کی حقیقی خدمات سے متعین ہوتی ہے۔المیہ یہ بھی ہے کہ ہم یہ پوچھنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے کہ اعزاز دینے والے ادارے کی اپنی علمی و ادبی حیثیت کیا ہے اور انتخاب کا معیار کیا رہا ہے۔ کسی شاعر کی عظمت اس کے کلام، ادیب کا مقام اس کی تحریروں اور صحافی کی پہچان اس کی دیانت دارانہ رپورٹنگ سے ہونی چاہیے، نہ کہ اس کے پاس موجود اسناد اور شیلڈز کی تعداد سے۔سوال یہ ہے کہ اس فکری زوال کا مداوا کیا ہے؟ اس کا آغاز اپنی ذات اور اپنے رویوں سے کرنا ہوگا۔ صحافتی اداروں کو پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور ادارتی نگرانی کے معیارات بہتر بنانا ہوں گے۔ ادبی تنظیموں کو ایوارڈز کے لیے شفاف اور قابلِ احتساب طریقۂ انتخاب وضع کرنا ہوگا۔ حقیقی اہلِ قلم کو بھی ہر سند اور شیلڈ کو اپنی کامیابی کا پیمانہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ بعض اوقات کسی غیر معیاری اعزاز کو قبول کرنے سے انکار بھی اپنے وقار کے تحفظ کا ذریعہ بن جاتا ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ قلم کو اس کی کھوئی ہوئی حرمت واپس دلائی جائے، صحافت کو محض پیشہ نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھا جائے اور ادب کو ذاتی تشہیر کے بجائے فکری و تخلیقی ریاضت کا میدان بنایا جائے۔ ہمیں افراد کی تعداد بڑھانے کے بجائے معیار بلند کرنے کی فکر کرنا ہوگی، کیونکہ ہر شخص کا صحافی، ہر لکھنے والے کا ادیب اور ہر سند یافتہ کا دانش ور بن جانا کسی معاشرے کی ترقی نہیں بلکہ اس کے فکری بحران کی علامت ہے۔یاد رکھیے، شیلڈ کی چمک، سند کے الفاظ اور نام کے ساتھ لگے القابات کسی شخص کو بڑا نہیں بناتے؛ انسان کو بڑا اس کا علم، کردار، فکر اور کام بناتا ہے۔ ورنہ ایک ایسی منڈی ضرور آباد ہو سکتی ہے جہاں سب کچھ دستیاب ہو، سوائے اصل قابلیت کے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں