
-,-جنوبی افریقہ میں فائرنگ کے دو واقعات، 27 افراد ہلاک-نذر حسین-,-
*جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے قریب مسلح حملے؛ 26 افراد زخمی، ملزمان کی تلاش جاری*
شان پاکستان جرمنی، فرینکفرٹ/جنوبی افریقہ/جوہانسبرگ/کیپ ٹاؤن:جنوبی افریقہ کے دو بڑے شہروں میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب جنوبی افریقہ پہلے ہی جرائم اور مسلح تشدد کے مسئلے سے دوچار ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتہ کی شب تقریباً ساڑھے سات بجے مقامی وقت پر جوہانسبرگ کے مغرب میں واقع ویڈیلا کے علاقے میں آٹھ مسلح افراد نے ایک بار پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے پہلے باہر بیٹھے افراد پر فائرنگ کی اور بعد ازاں بار کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 13 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔ حملے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے اور پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ویڈیلا اینٹوں سے بنے مکانات اور چھوٹے کاروباروں پر مشتمل نیم دیہی علاقہ ہے، جو کان کنی سے متاثرہ وسیع اراضی سے گھرا ہوا ہے۔ یہ علاقہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف حکومتی کارروائیوں کا مرکز بھی رہا ہے، جہاں متروکہ کانوں کے آس پاس سرگرم جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔صوبائی پولیس کمشنر کے مطابق تفتیشی ٹیمیں حملہ آوروں کی واضح تصاویر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔فائرنگ کا دوسرا واقعہ اتوار کی صبح کیپ ٹاؤن کے نواحی علاقے میں ایک تفریحی مقام پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 10 افراد کو ہلاک اور 11 کو زخمی کردیا۔ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تفریح میں مصروف افراد رقص اور شراب نوشی کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔جنوبی افریقہ میں قانونی اور غیر قانونی دونوں طرح کے آتشیں اسلحے کی دستیابی اور پرتشدد جرائم ایک دیرینہ مسئلہ ہیں۔ تقریباً 62 ملین آبادی والے اس ملک میں قتل و غارت کے واقعات کی شرح بھی بلند ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں خواتین کے قتل کے واقعات نے بھی تشویش پیدا کی ہے۔




