
-,-فرینکفرٹ میں تعینات نئے قونصل جنرل علی انصر زیدی فرینکفرٹ پہنچ گئے-نذر حسسین -,-
*قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمٰن نے ممتاز سیال اور محمد عثمان کے ہمراہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا، نئی ذمہ داریوں کا آغاز*
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ: پاکستان قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل علی انصر زیدی اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے فرینکفرٹ پہنچ گئے ہیں۔فرینکفرٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمٰن نے قونصلیٹ کے اسٹاف ممبران ممتاز سیال اور محمد عثمان کے ہمراہ نئے قونصل جنرل کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔فرینکفرٹ پہنچنے کے بعد علی انصر زیدی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر اپنے پیغام میں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اپنے پیغام میں انہوں نے فرینکفرٹ کو دنیا کے اہم مالیاتی، ٹرانسپورٹ اور ڈیٹا مراکز میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں بطور سربراہِ مشن اپنی پہلی تعیناتی شروع کرنے پر بے حد خوش ہیں۔نئے قونصل جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی میں مقیم متحرک اور فعال پاکستانی کمیونٹی کی خدمت، ان کے مسائل کے حل میں معاونت اور اقتصادی سفارت کاری کو مزید مضبوط بنانا ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم اور فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے اور موجودہ روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔علی انصر زیدی پاکستان کی فارن سروس سے وابستہ ایک تجربہ کار کیریئر ڈپلومیٹ ہیں۔ وہ وزارتِ خارجہ، اسلام آباد میں مختلف اہم ذمہ داریوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ جاپان اور ایران میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز میں بھی اپنی سفارتی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہیں دوطرفہ تعلقات، سفارتی امور اور اقتصادی سفارت کاری کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ان کی فرینکفرٹ میں تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی مسلسل فعال کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان و جرمنی کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔کمیونٹی حلقوں نے نئے قونصل جنرل علی انصر زیدی کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں کو بہتر اور مؤثر قونصلر سہولیات کی فراہمی، کمیونٹی کے ساتھ مضبوط اور براہِ راست رابطے، ان کے مسائل کے حل اور پاکستان و جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیں گے۔واضح رہے کہ سابق قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک کی اگست 2025 میں روانگی کے بعد فہد الرحمٰن تقریباً ایک سال سے قائم مقام قونصل جنرل کی حیثیت سے پاکستان قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔یہ خبر جذبہ نیوز سے لی گئی ہے
