
-,-مرحوم جاوید اقبال بھٹی کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی-نذر حسین-,-
*جرمنی میں میڈیا سے وابستہ معروف شخصیت، پاکستان جرمن پریس کلب کے وائس پریذیڈنٹ اور پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کے پریس سیکریٹری مرحوم جاوید اقبال بھٹی کی پہلی برسی جامع مسجد المدینہ سٹٹگارٹ میں عقیدت و احترام سے منائی گئی*
شانِ پاکستان جرمنی، فرینکفرٹ/سٹٹگارٹ: جرمنی میں میڈیا سے وابستہ، پاکستان جرمن پریس کلب کے وائس پریذیڈنٹ، پاکستان ویلفیئر سوسائٹی سٹٹگارٹ کے پریس سیکریٹری اور پاکستانی کمیونٹی کی ہر دلعزیز و معروف شخصیت مرحوم جاوید اقبال بھٹی کی پہلی برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ جامع مسجد المدینہ سٹٹگارٹ میں منائی گئی۔اس سلسلے میں مرحوم کے صاحبزادوں دانیال بھٹی اور بن یامین بھٹی کی جانب سے ایصالِ ثواب کے لیے ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں احباب، دوستوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔محفل کا آغاز جامع مسجد المدینہ کے خطیب اور عالمِ دین علامہ شوکت علی مدنی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ علامہ شوکت علی مدنی نے محفل کی نظامت کے فرائض بھی سرانجام دیے۔ اس موقع پر مسجد انتظامیہ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر ظفر اقبال نوری اور علامہ شوکت علی مدنی نے حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔علامہ شوکت علی مدنی نے اپنے فکر انگیز اور مدلل خطاب میں زندگی، موت اور آخرت کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ اپنے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت، صدقۂ جاریہ اور ایصالِ ثواب کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے پیاروں کی یاد میں کی جانے والی دعائیں اور نیک اعمال مرحومین کے لیے باعثِ رحمت و مغفرت بنتے ہیں۔اس موقع پر مرحوم جاوید اقبال بھٹی کے صاحبزادے دانیال بھٹی نے مختصر مگر پُراثر پیغام دیتے ہوئے محفل میں شرکت کرنے والے تمام احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدِ گرامی کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ اس روحانی محفل میں شریک ہو کر اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہونے والے تمام افراد کے وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔دانیال بھٹی نے حاضرین سے خصوصی درخواست کی کہ وہ ان کے والدِ مرحوم جاوید اقبال بھٹی کی مغفرت، بخشش اور بلندیٔ درجات کے لیے اپنی دعاؤں میں انہیں ضرور یاد رکھیں۔محفل کے اختتام پر ختمِ شریف اور اجتماعی دعا کی گئی، جس میں مرحوم جاوید اقبال بھٹی سمیت تمام مرحومین کے لیے مغفرت، بخشش اور بلندیٔ درجات کی دعا کی گئی۔ بعد ازاں شرکائے محفل کی لذیذ پاکستانی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔شرکائے محفل نے مرحوم جاوید اقبال بھٹی کی صحافتی، سماجی اور فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جرمنی میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی ملنسار، مخلص اور محبت بھری شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
**فوٹوز اور رپورٹ منظور **













