
-,-پاکستانی سفیر سلمان شریف کا پہلا دورۂ فرینکفرٹ، پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پرتپاک استقبال- نذر حسین-,-
*سفیر پاکستان نے تقریب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے نہایت دوستانہ اور گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کی۔ وہ مختلف میزوں پر گئے، فرداً فرداً شرکاء سے مصافحہ کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل و خیالات سنے۔ ان کا یہ دوستانہ اور بے تکلف انداز شرکائے تقریب کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔
شان پاکستان جرمنی — فرینکفرٹ: وفاقی جمہوریہ جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر عزت مآب جناب سلمان شریف نے اپنے پہلے باضابطہ دورۂ فرینکفرٹ کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور سفیر پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔فرینکفرٹ آمد پر سفیر پاکستان جناب سلمان شریف کے ہمراہ قونصل جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ جناب علی انصر زیدی اور نائب سفیر جناب نعمان صاحب بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔ پاکستان اوورسیز الائنس فورم کی جانب سے ملک مظہر حسین، چوہدری علام غوث، زبیر خان، چوہدری احسان الٰہی اور ملک حنیف اعوان نے بھی معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔سفیر پاکستان نے تقریب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے نہایت دوستانہ اور گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کی۔ وہ مختلف میزوں پر گئے، فرداً فرداً شرکاء سے مصافحہ کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل و خیالات سنے۔ ان کا یہ دوستانہ اور بے تکلف انداز شرکائے تقریب کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔تقریب کی نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسلری جناب فہد الرحمان نے نہایت خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کیے۔ انہوں نے سفیر پاکستان جناب سلمان شریف، قونصل جنرل جناب علی انصر زیدی، نائب سفیر جناب نعمان صاحب، کمیونٹی رہنماؤں، معزز مہمانوں اور میڈیا نمائندگان کو خوش آمدید کہا۔تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا، جس کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے ہوگئے۔ بعد ازاں عبد اللطیف چشتی الازہری نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی۔قونصل جنرل آف پاکستان فرینکفرٹ جناب علی انصر زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سفیر پاکستان نے اپنی پہلی فرصت میں ہی فرینکفرٹ کی پاکستانی کمیونٹی سے تعارفی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ قریبی روابط اور ان کے مسائل کے حل کو اہمیت دیتے ہیں۔انہوں نے جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی آباد ہیں، جبکہ بعض دیگر اندازوں کے مطابق یہ تعداد دو لاکھ کے قریب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت، لگن اور قانون کی پاسداری کے ذریعے معاشرے میں اپنا مثبت مقام بنایا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے حکام سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے انہیں کسی شکایت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔سفیر پاکستان جناب سلمان شریف نے اپنے خطاب میں کمیونٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’السلام علیکم! آپ کے درمیان اپنے آپ کو پا کر انتہائی خوشی اور مسرت محسوس ہو رہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ آپ کی محبت اور لگاؤ کے بارے میں مجھے پاکستان میں بھی مختلف ذرائع سے آگاہی ملتی رہی ہے۔ جناب علی انصر زیدی، جناب نعمان صاحب اور جناب فہد الرحمان کے ذریعے فرینکفرٹ اور یہاں کی پاکستانی کمیونٹی کی خبریں ہم تک پہنچتی رہی ہیں۔آج جس پرتپاک، پروقار اور والہانہ انداز میں میرا استقبال کیا گیا، اس سے مجھے محسوس ہوا کہ میں پاکستان میں اپنے گھر والوں، دوستوں اور احباب کے درمیان موجود ہوں۔ یقیناً یہ میرے لیے بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔‘‘سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کمیونٹی کے مسائل پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر شرکاء نے مختلف سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی اور مدلل جوابات دیے۔سفیر پاکستان کا تعلیمی اور سفارتی پس منظر-جناب سلمان شریف ایک تجربہ کار کیریئر ڈپلومیٹ ہیں۔ انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور اپنی تعلیمی کارکردگی پر گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ اپنے طویل سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے امریکا، متحدہ عرب امارات، بھارت اور پاکستان میں مختلف اہم سفارتی و انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔وہ 19 اکتوبر 2026 سے وفاقی جمہوریہ جرمنی میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔کمیونٹی کے ساتھ خوشگوار نشست اور میڈیا سے گفتگو-تقریب کے اختتام پر شرکاء کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ سفیر پاکستان نے کمیونٹی کے افراد کے ساتھ گھل مل کر ملاقاتیں جاری رکھیں اور بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کی۔سفیر پاکستان کا یہ پہلا دورۂ فرینکفرٹ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ براہ راست روابط کے فروغ اور پاکستان و جرمنی کے درمیان عوامی و سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل رہا۔تقریب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے سفیر پاکستان کی آمد اور ان کے دوستانہ طرزِ ملاقات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی سفارت خانے اور قونصلیٹ کے ذریعے کمیونٹی کے ساتھ روابط اور تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

























































































