-,-فرینکفرٹ میں اردو ادب کی خوشبو، سخن وروں کی کہکشاں اور مشاعرے کی یادگار شام-نذر حسین 0

-,-فرینکفرٹ میں اردو ادب کی خوشبو، سخن وروں کی کہکشاں اور مشاعرے کی یادگار شام-نذر حسین

0Shares

 

فرینکفرٹ میں اردو ادب کی خوشبو، سخن وروں کی کہکشاں اور مشاعرے کی یادگار شام-نذر حسین

*ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی کے زیر اہتمام پروقار عالمی مشاعرہ، سفیر پاکستان سلمان شریف کی صدارت، سید اقبال حیدر کی 32 سالہ ادبی و ثقافتی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین*

شانِ پاکستان، جرمنی فرینکفرٹ- جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں اردو زبان و ادب کی خوشبو ایک بار پھر فضاؤں میں بکھر گئی، جب ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن جرمنی کے زیر اہتمام ایک پروقار اور یادگار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محض ایک ادبی تقریب نہیں بلکہ پاکستان کی تہذیبی شناخت، اردو زبان سے والہانہ محبت، مشرقی روایات اور پردیس میں اپنی ثقافتی جڑوں کو زندہ رکھنے کے عزم کا خوبصورت اظہار تھا۔ تقریب کی صدارت سفیر پاکستان عزت مآب جناب سلمان شریف نے فرمائی، جبکہ قونصل جنرل پاکستان جناب علی انصر زیدی اور ہیڈ آف چانسلری جناب فہد الرحمٰن نے خصوصی شرکت کی۔اس بامقصد ادبی اجتماع کا ایک نمایاں پہلو معروف شاعر، ادیب، دانشور اور تنظیم کے بانی و چیئرمین سید اقبال حیدر کی 32 سالہ مسلسل ادبی و ثقافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ بلاشبہ بیرون ملک اردو زبان و ادب کی شمع روشن رکھنا کوئی معمولی کام نہیں۔ اس کے لیے خلوص، مستقل مزاجی، محبت اور اپنی تہذیب سے غیر معمولی وابستگی درکار ہوتی ہے، اور سید اقبال حیدر نے اپنی طویل ادبی جدوجہد سے اس جذبے کو عملی صورت عطا کی ہے۔سید اقبال حیدر کی شخصیت کئی جہتوں کی حامل ہے۔ وہ شاعر بھی ہیں، مصنف بھی، مقرر بھی، مفکر بھی اور ایک باصلاحیت منتظم بھی۔ ان کی خطابت، نظامت اور شاعری میں احساس، فکر اور زندگی کے مختلف رنگ نمایاں نظر آتے ہیں۔ ان کا یہ شعر ان کے تخلیقی مزاج کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے:

’’اے بت تراش عشق کو حیرت میں ڈال دے
پتھر کی آنکھ سے کوئی آنسو نکال دے‘‘
تقریب میں سفیر پاکستان سلمان شریف، قونصل جنرل علی انصر زیدی، ہیڈ آف چانسلری فہد الرحمٰن، کمرشل قونصلر آمنہ نعیم، قونصلر اتاشی ممتاز علی سیال اور ویزہ آفیسر محمد عثمان کی آمد پر سید اقبال حیدر، میڈیا نمائندگان اور دیگر منتظمین نے پھول پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانانِ گرامی نے ہال میں موجود شرکاء سے ملاقات کی اور ان کی محبت و خلوص کا جواب دیا۔شاعری، احساس اور تہذیب کا خوبصورت امتزاجتقریب کی نظامت کی ذمہ داری معروف وکیل اور خوش گفتار میزبان کومل ملک نے نہایت خوبصورتی سے ادا کی۔ انہوں نے اپنے دلنشین انداز میں شاعری کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ شاعری صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ انسانی احساسات، تجربات، خوشیوں، محرومیوں اور شعور کی ترجمان ہوتی ہے۔ کبھی یہ محبت کی زبان بنتی ہے، کبھی درد کا اظہار، کبھی زندگی کا آئینہ اور کبھی ظلم کے خلاف ایک توانا آواز۔ان کے ابتدائی کلمات نے محفل کے ادبی ماحول کو چار چاند لگا دیے۔ انہوں نے سید اقبال حیدر کی ادبی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 32 برسوں سے فرینکفرٹ میں اردو زبان و ادب کی شمع روشن رکھنا ایک قابلِ تحسین کارنامہ ہے۔ اس سفر کا آغاز محترمہ ثریا شہاب مرحومہ، مظفر شیخ اور دیگر مخلص ساتھیوں کے تعاون سے ہوا، جبکہ نذر حسین بھی روزِ اول سے اس ادبی سفر کے رفیق رہے ہیں۔اس طویل ادبی جدوجہد کے نتیجے میں اردو ادب کی متعدد نامور شخصیات کو فرینکفرٹ آنے اور یہاں کی پاکستانی و دیگر اردو دوست کمیونٹی سے ملاقات کا موقع ملا۔ ان شخصیات میں افتخار عارف، امجد اسلام امجد، انور مسعود، زاہدہ رعنا، طاہر انصاری، فہمیدہ ریاض، گلزار، شبانہ اعظمی اور گوپی چند نارنگ سمیت کئی معروف ادبی و ثقافتی نام شامل ہیں۔ یہ اعزاز سید اقبال حیدر اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔شعرائے کرام نے اپنے کلام سے محفل لوٹ لی-مشاعرے میں پاکستان اور جرمنی سے تشریف لانے والے شعرائے کرام نے اپنے منفرد انداز اور خوبصورت کلام سے سامعین کے دل جیت لیے۔حسن نے سید اقبال حیدر کی خوبصورت غزل پیش کرکے داد حاصل کی۔ سید حامد شاہ نے اپنی شاعری کے ذریعے سامعین کی توجہ حاصل کی، جبکہ نگہت آل نبی، ہما رشید، ارشاد ہاشمی، صائمہ کنول اور علی اصغر نقوی نے اپنے کلام سے محفل کو خوبصورت رنگ عطا کیے۔مدبر آسان نے اپنے برجستہ اور فکر انگیز اشعار سے محفل کو گرما دیا، جبکہ شفیق مراد نے زندگی کے مسائل اور انسانی احساسات کو اپنے منفرد شعری انداز میں پیش کیا۔ شازیہ نورین نے کربلا کے موضوع پر اپنے اشعار سے حاضرین کو متاثر کیا۔طاہر عدیم نے اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔ صائمہ زیدی نے بھی اپنے اشعار سے سامعین کو محظوظ کیا۔یوں محسوس ہوتا تھا کہ ہر شاعر اپنے ساتھ احساسات کی ایک نئی دنیا لے کر آیا ہے۔ کہیں محبت کی مہک تھی، کہیں ہجر کا درد، کہیں معاشرتی رویوں پر گہری نظر اور کہیں زندگی کی تلخ حقیقتوں کا بیان۔ سامعین نے ہر شاعر کو بھرپور پذیرائی دی اور بار بار تالیوں سے ان کی حوصلہ افزائی کی۔سید اقبال حیدر کے اشعار، مہمانوں کے نام محبت کا پیغام محفل کے میزبان سید اقبال حیدر نے بھی اپنے مخصوص ادبی انداز میں کلام پیش کیا۔ انہوں نے قونصل جنرل علی انصر زیدی کے لیے محبت و خلوص سے بھرپور اشعار پیش کیے* اُمید کے سفر کی جو روشن مثال ہے۔کردار کی بلندی پے وہ باکمال ہے۔ زیدی نسب تو نام علی انصر ہے آپ کا۔ پردیس کی زمین پے مثل غزال ہے*، جبکہ سفیر پاکستان سلمان شریف کے لیے بھی خوبصورت شعری خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کے یہ اشعار خصوصی طور پر پسند کیے گئے:لفظوں میں نہیں سمٹے گی گفتار تمنا۔خوشبو ہے تیری زمیں پاک کی مہکار تمنا،پردیسیوں کے دیس میں تفسیر محبت۔سلمان شریف آپ ہیں پندارِ تمنا-سفیر پاکستان کے نام ان کے ان اشعار پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ یہ لمحہ اس بات کا عکاس تھا کہ شاعری کس طرح محبت، احترام اور تعلق کے جذبات کو الفاظ کا خوبصورت لباس عطا کرتی ہے۔قونصل جنرل علی انصر زیدی کا اردو زبان سے محبت کا پیغام قونصل جنرل پاکستان جناب علی انصر زیدی نے اپنے خطاب میں اس خوبصورت ادبی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے جوڑنے میں زبان ایک نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اردو زبان وہ مضبوط رشتہ ہے جو ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود پاکستانیوں کو اپنے وطن، اپنی تہذیب اور اپنی روایات سے وابستہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان سے دور رہنے والے پاکستانی اپنی زبان اور ادب سے جڑے ہوئے ہیں اور اپنی ادبی روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ایسی تقریبات درحقیقت ایک قابلِ قدر فن اور قومی خدمت ہیں۔سفیر پاکستان سلمان شریف کا فکر انگیز خطابتقریب کے صدر سفیر پاکستان جناب سلمان شریف نے اپنے خطاب میں اس ادبی اجتماع کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاعری انسانی احساسات کو زندہ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے اپنے والد صاحب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شاعری سے محبت اور احساس کی جو دولت ورثے میں ملی، وہ ان کی شخصیت کا ایک اہم حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انسان صرف سانس لینے سے زندہ نہیں رہتا بلکہ اس کے اندر احساس، درد، محبت اور دوسروں کے جذبات کو سمجھنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ شاعری اسی احساس کو بیدار کرتی ہے اور ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس محفل میں مختلف شعراء نے اداسی، تنہائی، درد اور محبت کے جن جذبات کا اظہار کیا، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ جرمنی کی سرزمین بھی عظیم مفکرین اور شاعروں کی سرزمین رہی ہے، اس لیے نوجوان نسل کو بھی ادب اور شاعری کے میدان میں آگے بڑھنا چاہیے۔سفیر پاکستان نے نوجوان شعراء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفارت خانے اور قونصل خانے سے اپنا رابطہ برقرار رکھیں اور اپنی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں۔ انہوں نے سید اقبال حیدر اور ان کی ٹیم کی خصوصی طور پر تعریف کی اور اس ادبی روایت کو جاری رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔نئی نسل کو اپنی زبان اور تہذیب سے جوڑنے کی ایک خوبصورت کوشش-بلاشبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنی زبان اور ثقافت کو زندہ رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔ بالخصوص وہ بچے اور نوجوان جو جرمنی میں پیدا ہوئے اور پروان چڑھ رہے ہیں، ان کے لیے اردو زبان، پاکستانی تہذیب اور ادبی روایات سے وابستگی قائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایسے مشاعرے نئی نسل کے لیے اپنی شناخت کو سمجھنے، اپنی زبان کی خوبصورتی سے آشنا ہونے اور اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ یہ تقریبات محض ایک شام کی تفریح نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے تہذیبی ورثے کی منتقلی کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ایک شام، بے شمار یادیں اور اردو ادب سے محبت کا عہد-تقریب کے اختتام پر نقیبِ محفل کومل ملک نے تمام مہمانانِ گرامی، شعرائے کرام، منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عمران عاطف ڈار کی خصوصی کاوش اور مہمانوں کے لیے پرتکلف پاکستانی کھانوں کے انتظام کو بھی سراہا۔یوں فرینکفرٹ کی یہ ادبی شام خوبصورت یادوں، محبت بھرے جذبات اور اردو شاعری کی دلنشین گونج کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔حقیقت یہ ہے کہ آج کی دنیا میں، جہاں نفرتیں، جنگیں، بے یقینی اور معاشرتی انتشار انسانیت کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں، وہاں ادب اور شاعری محبت، امن، برداشت اور احساس کا پیغام دیتے ہیں۔ سید اقبال حیدر جیسے مخلص ادبی خدمت گار اپنے قلم اور اپنی جدوجہد سے یہی پیغام عام کرنے میں مصروف ہیں کہ انسانیت کو زندہ رکھنے کے لیے احساس کا زندہ رہنا ضروری ہے۔سید اقبال حیدر کی 32 سالہ ادبی جدوجہد اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ اگر نیت میں خلوص، دل میں اپنی زبان کی محبت اور مقصد میں تہذیب کی خدمت کا جذبہ ہو تو پردیس کی سرزمین پر بھی اپنے وطن کی خوشبو کو ہمیشہ زندہ رکھا جا سکتا ہے۔فرینکفرٹ کا یہ مشاعرہ اسی محبت، اسی خلوص اور اسی تہذیبی وابستگی کی ایک خوبصورت داستان بن کر یاد رکھا جائے گا۔

 

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں