
-,-اردو ریڈیو ڈوچ لینڈ کے زیرِ اہتمام فرینکفرٹ میں یادگار ثقافتی شام کا انعقاد-نذر حسین-,-
* جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے علاقے ہار ہائیم میں اردو ریڈیو ڈوچ لینڈ کے زیرِ اہتمام ایک یادگار، رنگا رنگ اور دل موہ لینے والی ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا، جس میں تھیٹر، مزاح، صوفی موسیقی اور کمیونٹی یکجہتی کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فن و ثقافت کے متنوع رنگوں سے بھرپور لطف اٹھایا*
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے علاقے ہار ہائیم میں اردو ریڈیو ڈوچ لینڈ کے زیرِ اہتمام ایک یادگار، رنگا رنگ اور دل موہ لینے والی ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا، جس میں تھیٹر، مزاح، صوفی موسیقی اور کمیونٹی یکجہتی کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فن و ثقافت کے متنوع رنگوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی پاکستان قونصلیٹ فرینکفرٹ کی کمرشل کونسلر آمنہ نعیم بٹ تھیں، جبکہ امیگریشن آفیسر محمد علی رندھاوا اور حافظ عبدالرحمان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔پروگرام کی نظامت کومل ملک نے کی۔ انہوں نے اپنے منفرد اندازِ گفتگو اور خوبصورت اشعار کے ذریعے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور ادب، ثقافت اور کمیونٹی کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے منتظمین آتف عمران ڈار، حسن رضا اور کومل ملک تھے، جبکہ پروگرام کی تحریر اور ہدایت کاری مہرین بتول نے انجام دی۔ حسن رضا نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دیے۔پروگرام کے آغاز میں مرحوم مومن عثمان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جو گزشتہ سال جھیل میں ڈوبنے کے افسوسناک حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ثقافتی پروگرام میں ماہم امتیاز، موز ناصر، احمد مسعود، یاش ہری چندن، مہرین بتول اور سواتی جان نے اپنی شاندار فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ معروف ادیب مشتاق احمد یوسفی اور امتیاز علی تاج کی تحریروں سے ماخوذ اسٹیج پرفارمنس نے حاضرین کو ہنسی کے ساتھ ساتھ فکر و تدبر کا موقع بھی فراہم کیا۔اس موقع پر ڈرامہ “ہوئے جو بیمار” پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور فنکاروں کو بھرپور داد دی۔ حسن رضا نے اردو ریڈیو جرمنی اور اس کی ویب سائٹ کا تعارف بھی پیش کیا۔اسٹینڈ اپ کامیڈین علی شان نے اپنے منفرد انداز سے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ کمیونٹی انٹرایکٹو سیشن میں شرکاء نے پروگرام کے حوالے سے اپنی آراء کا اظہار کیا۔شام کا ایک اہم حصہ صوفی موسیقی پر مشتمل تھا، جہاں محبت، امن، رواداری اور روحانیت کے پیغامات کو موسیقی کے دلنشین انداز میں پیش کیا گیا۔ خصوصی موسیقی پرفارمنس بلوچ ٹوئنز نے پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔یکجہتی، تھیٹر، مزاح اور صوفی موسیقی سے مزین یہ پروگرام پورے خاندان کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ کمیونٹی کے افراد اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ شریک ہوئے اور ایک یادگار شام کی خوشگوار یادیں ساتھ لے کر واپس گئے۔پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانانِ گرامی، فنکاروں، معاونین، اسپانسرز اور کمیونٹی اراکین کا شکریہ ادا کیا گیا، جبکہ شرکاء کی پاکستانی روایتی اور لذیذ کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔







































































