
-،-سٹٹگارٹ میں یومِ آزادیٔ پاکستان اور ضیافتِ حج کی پروقار تقریب، اوورسیز پاکستانیوں کے اتحاد اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار-نذر حسین-،-
٭جرمنی کے شہر سٹٹگارٹ میں پاک جرمن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر کے زیرِ اہتمام یومِ آزادیٔ پاکستان اور ضیافتِ حج کی ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ممتاز مذہبی و روحانی شخصیت پیر سید حسنات احمد بخاری نے کی، جبکہ فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجی طاہر فاروق تارڑ، حاجی یاسر عرفات تارڑ اور حاجی علی اصغر چیمہ کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا٭
سٹٹگارٹ/فرینکفرٹ (شانِ پاکستان جرمنی)-جرمنی کے شہر سٹٹگارٹ میں پاک جرمن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر کے زیرِ اہتمام یومِ آزادیٔ پاکستان اور ضیافتِ حج کی ایک پروقار اور یادگار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ممتاز مذہبی و روحانی شخصیت پیر سید حسنات احمد بخاری نے کی، جبکہ فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حاجی طاہر فاروق تارڑ، حاجی یاسر عرفات تارڑ اور حاجی علی اصغر چیمہ کے اعزاز میں خصوصی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا،تقریب میں جرمنی کے مختلف شہروں سے سیاسی، مذہبی، سماجی، کاروباری اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ فرینکفرٹ سے سات گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوا، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کے قومی جذبے اور یکجہتی کا اظہار دیکھنے میں آیا۔تقریب کی نظامت محمد احسن تارڑ نے نہایت شاندار انداز میں انجام دی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے حافظ محمد عثمان نے کیا، جبکہ سید رجب شاہ اور بعد ازاں حافظ و قاری فیض احمد چشتی نے حمد و نعت پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لیے۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان کا قومی ترانہ بھی انتہائی جذبے اور احترام کے ساتھ پڑھا۔اپنے خطاب میں محمد احسن تارڑ نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں حاصل ہونے والا پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی، خصوصاً اوورسیز کمیونٹی، کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔مولانا ڈاکٹر طاہر یسین نے قرآن و سنت کی روشنی میں قیامِ پاکستان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جہاں مسلمانوں کو اپنے دین کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، رواداری اور عدل کا پیغام دیتا ہے اور پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد بھی انہی اسلامی اقدار کا فروغ تھا۔عبد اللطیف چشتی الازہری نے حاجی طاہر فاروق تارڑ، حاجی یاسر عرفات تارڑ اور حاجی علی اصغر چیمہ کو حج کی سعادت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حج انسان کی روحانی زندگی کو نئی جہت عطا کرتا ہے اور احادیثِ مبارکہ کے مطابق حجِ مبرور انسان کو گناہوں سے پاک کر دیتا ہے۔محمد عامر وڑائچ جمنا نے کہا کہ اگرچہ اوورسیز پاکستانی دیارِ غیر میں رہتے ہیں، لیکن ان کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگست کی آمد سے قبل ہی بیرونِ ملک یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ وطن سے محبت پاکستانیوں کے ایمان کا حصہ ہے۔مولانا شوکت مدنی نے حج کی فضیلت بیان کرتے ہوئے حاجیوں کو مبارکباد پیش کی، جبکہ ملک جہانگیر دانیال نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا اور تمام تر مشکلات اور جنگوں کے باوجود آج بھی ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کے طور پر قائم ہے۔سید حامد شاہ نے پاک جرمن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلیم، سماجی خدمت، قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔تقریب کے اختتامی خطاب میں پیر سید حسنات احمد بخاری نے کہا کہ قیامِ پاکستان صرف ایک سیاسی کامیابی نہیں بلکہ مسلمانوں کے نظریاتی تشخص، مذہبی آزادی اور قومی وقار کی جدوجہد کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خوابوں کے مطابق ایک ایسا ملک بنائیں گے جہاں عدل و انصاف، دیانت، قانون کی حکمرانی، سماجی انصاف اور عوامی خوشحالی کو فروغ حاصل ہو۔انہوں نے حضرت علیؓ کا قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ “کفر کا نظام تو قائم رہ سکتا ہے، مگر ظلم کا نظام کبھی قائم نہیں رہ سکتا۔” انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جہاں بھی رہیں، اپنے کردار، محنت اور اتحاد کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کریں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، امتِ مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ مہمانوں کی پرتکلف پاکستانی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ شرکاء نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاک جرمن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر، محمد آصف تارڑ، محمد احسن تارڑ اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی وہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کو ہمیشہ برقرار رکھیں گے۔







with due respect Pictures from Yasir Stuttgart


























































