
۔،۔ فرینکفرٹ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر لڑائی،نوجوان چاقو کے وار سے زخمی، ملزمان فرار۔ نذر حسین۔،۔
٭جمعرات کی شب فرینکفرٹ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن میں ہونے والی لڑائی چاقو زنی پر ختم ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک چوبیس سالہ نوجوان زخمی ہو گیا،جبکہ چار مشتبہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ۔ مقامی پولیس رپورٹ اور میڈیا کے مطابق جمعرات کی شب فرینکفرٹ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن میں ہونے والی لڑائی چاقو زنی پر ختم ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک چوبیس سالہ نوجوان زخمی ہو گیا،جبکہ چار مشتبہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کے مطابق تقریباََ رات کو دس بجے عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ قیصر اسٹریٹ اور ایلبے اسٹریٹ کے چوراہے پر پانچ افراد کے درمیان جھگڑا ہو رہا ہے، گشتی پولیس چند منٹ بعد موقع پر پہنچی تو وہاں صرف چوبیس سالہ زخمی نوجوان موجود تھا جس کے بازو پر چاقو کا زخم تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق زخمی نوجوان کا چار دیگر افراد کے ساتھ تکرار کے بعد ہاتھ پائی میں تبدیل ہو گیا، پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق چاروں افراد نے مبینہ طور پر اسے گھونسوں اور لاتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا،اسی دوران نوجوان نے کوئی نوکیلی چیز حملہ آوروں کی طرف پھینکی جس کے بعد حملہ آوروں میں سے ایک نے چاقو نکال کر اس پر وار کیا، واردات کے بعد چاروں مشتبہ افراد میونچنر اسٹریٹ کی جانب فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق فرار اختیار کرنے کے دوران ملزمان نے استعمال شدہ ہتھیار راستے میں پھینک دیا جسے پولیس نے برآمد کر لیا۔ پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ سیکورٹی کیمروں میں ریکارڈ ہو گیا ہے فوٹج کی مدد سے چاروں مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔

