
۔،۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پرقونصل خانہ میں پر وقار تقریب کا انعقاد۔ نذر حسین۔،۔
٭قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ پاکستان فرینکفرٹ میں قائم مقام قونصل جنرل،ہیڈ آف جانسلری فہد الرحمان کی سربراہی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یک جہتی کیا ٭
شان پاکستان جرمنی فرینکفرٹ۔ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ پاکستان فرینکفرٹ میں قائم مقام قونصل جنرل،ہیڈ آف جانسلری فہد الرحمان کی سربراہی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یک جہتی کیا، 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے سمیت دیگر یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرنے کے عظم کا اعادہ کیا، اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر مبنی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز مس خلقیہ کی نظامت سے ہوا، جنہوں نے قونصل جنرل کی طرف سے شرکاء کو خوش آمدید کہا بعد ازاں قونصلیٹ کے عملہ نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت محمد صد یق نے حاصل کی۔ شرکاء نے مشترکہ طور پر ترانہ پیش کیا۔ قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمٰن نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں صدرِ پاکستان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے خطے کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو سلب کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔اس موقع پر کامرشل قونصلر آمنہ نعیم نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر میں اضافہ ہوا، تاہم کشمیری عوام کا حوصلہ، عزم اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد آج بھی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ایک بنیادی اور دیرینہ تنازع ہے، جس کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفیسر محمد علی رندھاوا نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، کیونکہ یہ حق اقوامِ متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اور اس کے بعد کی جانے والی یکطرفہ تبدیلیاں بدستور تشویش کا باعث ہیں اور پاکستان اس مسئلے کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔تقریب کے دوران کشمیر کے موضوع پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ شرکاء نے تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن، انصاف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں شرکاء کی تواضع ریفریشمنٹ سے کی گئی۔

























