
-,-جعلی پولیس افسر بے نقاب — بینک ملازمین کی چوکسی سے دو ملزمان گرفتار-نذر حسین-,
*باد ہیمبرگ میں 84 سالہ خاتون کو نشانہ بنانے والے مشتبہ افراد مزید واردات سے قبل پکڑے گئے
شان پاکستان جرمنی — فرینکفرٹ/باد ہیمبرگ —فرینکفرٹ سے متصل باد ہیمبرگ میں پولیس نے بینک ملازمین کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں خود کو پولیس افسر ظاہر کرنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق 22 اور 27 سالہ دونوں مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر ایک 84 سالہ خاتون سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے یہ باور کرایا کہ اس کے گھر کی حفاظت کے لیے کارروائی ضروری ہے۔مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر خاتون سے اس کے اپارٹمنٹ تک رسائی حاصل کی اور اس دوران بڑی رقم، قیمتی گھڑیوں اور زیورات سے متعلق وارداتیں کیں۔ پولیس کے مطابق چوری کی گئی رقم کی مجموعی مالیت تاحال حتمی طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔15 ستمبر کی دوپہر دونوں مشتبہ افراد خاتون کے بینک میں موجود ڈپازٹ باکس سے قیمتی اشیاء حاصل کرنے پہنچے۔ تاہم بینک کے ملازمین کو ان کے رویے اور صورتحال پر شک ہوا اور انہوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔پولیس نے صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے دونوں افراد کو لاکر تک جانے دیا۔ مبینہ طور پر قیمتی اشیاء حاصل کرنے کے فوراً بعد پولیس افسران نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو بعد ازاں فرینکفرٹ پولیس ہیڈکوارٹر کے حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق بینک ملازمین کی چوکسی اور بروقت فیصلہ سازی نے ممکنہ طور پر مزید مالی نقصان کو روکنے اور دونوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔پولیس شہریوں کو ایک بار پھر متنبہ کرتی ہے کہ فون یا گھر پر آنے والے ایسے افراد پر فوری اعتماد نہ کریں جو خود کو پولیس افسر، بینک ملازم یا کسی سرکاری ادارے کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے نقدی، زیورات یا بینک لاکر تک رسائی کا مطالبہ کریں۔
